کینیڈین وزیراعظم کا ہٹلر سے موازنہ،ایلون مسک نے ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی
جنوری کے آخر میں ٹیسلا کے سربراہ نے کینیڈین ٹرک ڈرائیوروں کی حمایت میں ٹویٹ کی تھی۔ (فوٹو: روئٹرز)
الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک نے ٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا موازنہ ہٹلر سے کیا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایلون مسک نے یہ پوسٹ بدھ کو شیئر کی تاہم انہوں نے بغیر کسی وضاحت کے جمعرات کو اپنی ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی۔
ان سے اس سلسلے میں رابطہ بھی کیا گیا تاہم کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
جنوری کے آخر میں ٹیسلا کے سربراہ نے کینیڈین ٹرک ڈرائیوروں کی حمایت میں ٹویٹ کی تھی۔
کینیڈا میں کورونا وائرس سے متعلق پابندیوں اور ویکسین لگوانے کے خلاف کئی دنوں سے ٹرک ڈرائیورز کینیڈا اور امریکہ کے درمیان اہم تجارتی راہداریوں پر احتجاج کر رہے ہیں۔
ایک صارف کی ٹویٹ میں کہ کیسے جسٹن ٹروڈو کی حکومت نے بینکوں کو احکامات جاری کیے تھے کہ مظاہرین کو دیے جانے والے فنڈز کی کٹوتی میں مدد کی جائے۔ اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے ایک میم پوسٹ کی جس میں ہٹلر کی تصویر کے ساتھ لکھا تھا کہ ’جسٹن ٹروڈو کے ساتھ میرا موازنہ نہ کیا جائے‘ اور ’میرے پاس بجٹ تھا۔‘
یہ ٹویٹ جمعرات کو ایک ایسے وقت میں سامنے آئی جب ایلون مسک اور ٹیسلا نے امریکہ کی سکیورٹی اور ایکسچینج کمیشن پر امریکہ پر تنقید کرنے کی وجہ سے ’نہ ختم‘ ہونے والی تحقیقات کا الزام لگایا۔
ایلون مسک کے ٹوئٹر پر 74 ملین فالوورز ہیں۔ وہ طنز و مزاح اور بے باک اظہار کے لیے جانے جاتے ہیں تاہم نازی کے رہنما سے (جو یہودیوں کی نسل کشی کے ذمہ دار ہیں) کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے ساتھ موازنہ کرنے پر ان کو تنقید کا سامنا ہے۔
امریکہ میں یہودیوں کی کمیٹی نے مسک سے فوری معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
کینیڈا کے وزیر صنعت فرانکوئس فیلیپ شیمپین نے کہا کہ ایلون مسک کی ٹویٹ واقعی چونکانے والی ہے۔
ایلون مسک کی ٹویٹ پر 35 ہزار لائکس آئے جبکہ نو ہزار مرتبہ وہ ری ٹویٹ ہوئی اور اس پر مثبت ردعمل بھی آیا۔ ایک صارف نے لکھا کہ ’میری اگلی گاڑی ٹیسلا کی ہونی چاہیے۔‘