Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملکہ برطانیہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا، ’طبی دیکھ بھال جاری‘

95 سالہ ملکہ الزبتھ دوم نے بدھ کو اپنی مصروفیات کے دوران جسم کی نقل و حرکت میں مسائل کی شکایت کی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اتوار کو بکنگھم پیلس نے بتایا ہے کہ ملکہ کو ہلکی سردی لگنے کی علامات ظاہر ہوئیں لیکن وہ ‘معمول کی ذمہ داریاں‘ انجام دے سکیں گی۔
بکنگھم پیلس کے بیان کے مطابق ’ملکہ کی طبی دیکھ بھال کی جا رہی ہے اور وہ اس حوالے سے ضروری ہدایات پر عمل کریں گی۔‘
95 سالہ ملکہ الزبتھ دوم نے بدھ کو اپنی مصروفیات کے دوران جسم کی نقل و حرکت میں مسائل کی شکایت کی تھی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ونڈسر کاسل میں بحریہ کے دو سینیئر افسران کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملکہ الزبتھ کو ایک ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ وہ حرکت میں دشواری میں محسوس کر رہی ہیں۔
ملکہ الزبتھ نے افسران سے ملتے ہوئے کہا کہ ’آپ دیکھ سکتے ہیں کہ میں ہل نہیں پا رہی۔‘
لندن کے مغرب میں واقع اپنی رہائش گاہ کے اوک روم میں افسران سے ملاقات کے دوران ملکہ الزبتھ اپنی بائیں ٹانگ یا پیر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بتا رہی تھیں کہ اس میں تکلیف ہے۔
ملکہ برطانیہ کی تکلیف سے متعلق بکنگھم پیلیس کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
ویڈیو میں یہ ظاہر ہے کہ ملکہ کی طبعیت ناساز نہیں تھی نہ ہی انہیں کوئی چوٹ لگی تھی بلکہ جسم میں کھچاؤ محسوس کر رہی تھیں۔
اس کے علاوہ ملکہ کے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بارے میں بھی خدشات کا اظہار کیا جا رہا تھا کیونکہ ان کے بڑے صاحبزادے شہزادہ چارلس میں ان سے ملنے کے دو روز بعد کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اس کے بعد شہزادہ چارلس کی اہلیہ کمیلا میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد دونوں میاں بیوی آئسولیشن میں چلے گئے تھے۔
منگل کو ملکہ نے ونڈسر محل سے آن لائن لنک کے ذریعے ایسٹونیا اور سپین کے برطانیہ میں تعینات نئے سفارتکاروں سے ملاقات کی تھی۔

شیئر: