Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خاتون نے مرد کو اغوا کر لیا، تشدد اور رہائی کے بدلے تاوان کا مطالبہ

خاتون کا کہنا ہے کہ سابق شوہر نے شادی کے بہانے دھوکہ دیا۔ ( فوٹو: ٹوئٹر)
مردوں کے ہاتھوں خواتین کا اغوا ہونا آئے دن کی خبر ہے مگر یمن میں انوکھا واقعہ ہوا ہے جہاں خاتون نے نہ صرف مرد کو اغوا کرلیا بلکہ اس پر تشدد کیا اور رہائی کے بدلے تاوان کا بھی مطالبہ کر دیا۔
الیمن الیوم ویب سائٹ کے مطابق واقعے پر سوشل میڈیا پر اکثر صارفین نے اسے فضول قسم کا مذاق سمجھا تھا۔
مگر جب پولیس کی طرف سے واقعے کی تصدیق ہوئی اور تفصیلات جاری ہوئیں تو سب دنگ رہ گئے۔
واقعہ یمن کے شہر تعز کا ہے جس کی پولیس نے کہا ہے کہ ’یمنی خاتون تغرید خالد الشرعبی کو اپنے سابق شوہر کو اغوا کرنے، تشدد کرنے اور تاوان کا مطالبہ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔‘
پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ سلطان الوافی نامی شخص کا تغرید نامی گرفتار شدہ خاتون سے نکاح ہوا تھا اور رخصتی سے پہلے اس نے طلاق دی تھی۔
بعد ازاں اس نے دوسری شادی کر لی جس پر مشتعل ہو کر 7 فروری کو خاتون نے اسے اغوا کر لیا۔
خاتون نے اقرار کرتے ہوئے کہا ہے کہ’جی ہاں! میں نے اغوا کیا ہے اور اس پر تشدد کر کے اپنے دل کی بھڑاس نکالی ہے۔ اس کے جسم سے تشدد کے باعث بہتے خون کی تصاویر بنائی ہیں اور انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کر کے اسے عبرت کا نشان بنایا ہے۔‘
خاتون نے کہا ہے کہ ’پھر میں نے اسے رہا کرنے کے لیے اس کے خاندان والوں سے تاوان مانگا۔‘
خاتون نے کہا ہے کہ ’شادی کے بہانے اس نے مجھے دھوکہ دیا، میری تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، ہمارے درمیان ہونے والی باتیں عام کیں اور مجھ سے جھوٹی باتیں منسوب کرتا رہا۔‘
خاتون نے بتایا کہ ’میں نے اس سے سچی محبت کی تھی مگر وہ میری امیدوں پر پورا نہیں اترا۔ مجھے بدنام کرنے سے باز رکھنے کے لیے میں تمام کوششیں کیں مگر وہ باز نہیں آیا۔‘

شیئر: