فضائی کمپنیوں کے خلاف مسافروں کی شکایات بڑھنے لگیں
السعودیہ کے خلاف سب سے کم شکایات درج ہوئی ہیں( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی محکمہ شہری ہوابازی نے کہا ہے کہ’ جنوری 2022 کے دوران فضائی کمپنیوں کے خلاف مسافروں کی جانب سے 447 شکایات درج کرائی گئی ہیں، 14 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق محکمہ شہری ہوابازی نے بیان میں کہا کہ ’جنوری 2022 کے دوران دسمبر 2021 کے مقابلے میں شکایات کے تناسب میں 14 فیصد اضافہ ہوا ہے‘۔
دسمبرمیں شکایات کی تعداد 391 تھی جبکہ جنوری میں بڑھ کر447 ہوگئی۔ شکایات ایئرپورٹس اور فضائی کمپنیوں کے خلاف درج کرائی گئی ہیں۔
گراف سے پتہ چلتا ہے کہ سعودی عریبین ایئرلائنز السعودیہ کے خلاف سب سے کم شکایات درج ہوئی ہیں۔ ایک لاکھ مسافروں میں سے 8 نے السعودیہ کی کارکردگی پر سوال اٹھایا ہے۔
ادیل فضائی کمپنی (فلائی اے ڈیل) کے خلاف 20 شکایات سامنے آئی ہیں۔ ایک لاکھ مسافروں میں شکایات کا تناسب 20 رہا۔
ناس ایئر تیسرے نمبر پر رہی۔ فی ایک لاکھ مسافروں میں سے 28 نے شکایات درج ہوئی ہیں۔
زیادہ تر شکایات ٹکٹوں کی قیمتوں کی واپسی کے حوالے سے تھیں۔ اس کے بعد پروازوں کی منسوخی اور پھر تاخیر کے حوالے سے شکایات کی گئی ہیں۔
محکمہ شہری ہوابازی نے کہا کہ’ سب سے کم شکایات مدینہ منورہ کے امیر محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے خلاف ریکارڈ پر آئی ہیں‘۔