سعودی عرب کی شمالی حدود میں قدیم ترین ایئرپورٹ کے آثار
سعودی عرب کی شمالی حدود میں قدیم ترین ایئرپورٹ کے آثار
ہفتہ 15 جنوری 2022 5:13
ہوائی اڈے کے اطراف میں کارکنوں کی رہائش گاہیں بھی بنائی گئی تھیں(فوٹو، ٹوئٹر)
سعودی عرب کے شمالی حدود کے علاقے ’الدوید‘ میں مملکت کے سب سے قدیم ہوائی اڈے کے آثار اب بھی موجود ہیں۔ مذکورہ ہوائی اڈہ 7 دہائی قبل ’ ٹیپ لائن کمپنی‘ نے تعمیر کرایا تھا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق یہ قدیم ایئرپورٹ ’الدوید‘ کے تاریخی قصبے میں تعمیر کرایا گیا تھا جو العویقیلہ کمشنری کے جنوب میں 20 کلو میٹر کی مسافت پرہے۔
قدیم ہوائی اڈے کے 2 رن وے ہیں جو انگلش حرف ’وائی‘ کی شکل کے بنائے گئے تھے جن میں مرکزی رن وے کی لمبائی 2 ہزار 835 میٹر اورچوڑائی 45 میٹر تھی۔
دوسرا رن وے 2 ہزار 332 میٹرلمبا اور 45 میٹرچوڑا تھا۔ قدیم ائیرپورٹ کے ساتھ اس وقت کارکنوں کی رہائش گاہیں بھی تعمیر کی گئی تھیں۔
اس حوالے سے تاریخ دان اور ماہر آثار قدیمہ عبدالرحمان بن محمد التویجری کا کہنا تھا کہ ’الدوید‘ گاوں کا شمار انتہائی قدیم قریوں میں ہوتا ہے ۔
اس علاقے میں میٹھے پانی کے 200 سے زائد چشمے ہیں جو ماضی میں علاقے کے رہائشیوں کےلیے پانی کا سب سے بہترین ذریعہ ہوا کرتے تھے۔
الدوید قصبے میں عہد رفتہ میں ایک بڑا بازار ہوا کرتا تھا جس کے آثار آج تک باقی ہیں۔ اس وقت یہاں عراق سے تجارتی قافلوں کی آمد ورفت ہوا کرتی تھی۔