ٹینسی۔۔۔۔آپ یقین کریں یا نہ کریں ٹینسی کے چڑیا گھر میں ایک ایسا افریقی طوطا بھی ہے جسے انگریزی کے300الفاظ پر عبور حاصل ہے۔ اس نے گزشتہ روز ہی اپنی تیسویں سالگرہ منائی تھی۔ افریقن گرے پیرٹ پر باقاعدہ آدم پیٹرسن نامی ٹرینر کام کرتے ہیں۔ انہوں نے اب اس کی وڈیو ویب سائٹ پر ڈالی ہے جس میں وہ طوطے سے بڑے دلچسپ سوالات کرتے نظر آرہے ہیں۔ وہ اس سے سوال کرتے ہیں کہ آئن اسٹائن زیادہ مشہورتھا یا تم ؟ طوطا جواب دیتا ہے سپر اسٹار۔ اس کے بعدطوطے سے سوال کیا جاتا ہے کہ کیا تم ہائے کہہ سکتے ہو؟طوطا جواب دیتا ہے ، ہیلو۔۔اس سے کہا جاتا ہے کہ ذرا نرمی سے جواب دو ؟طوطا جواب دیتا ہے ،ہائے سویٹ ہارٹ۔ پیٹرسن اس کے بعد اس سے سوال کرتا ہے کیا تم ڈاکو ہو؟کیا تم پیار دے سکتے ہو؟۔اس کے بعد ٹرینر اسے سورج مکھی کا بیج کھلاتا ہے وہ فوراً پنجے میں پکڑتا ہے چھیلتا ہے اور نگل لیتا ہے۔ یہ طوطا مختلف جانوروں کی آوازوں کی نقل کرنے میں بھی ماہر ہے۔ بھیڑیئے کی بھی نقل کرسکتا ہے۔ کتوں اور بلیوں کو بھی گانے سناتا ہے۔ اس کے ٹرینر نے بتایا کہ طوطا کم سے کم 200آوازیں نکال سکتا ہے جبکہ دیگر 70الفاظ سیکھ رہا ہے۔ بعض مرتبہ تو یہ خود الفاظ ’’کوائن ‘‘کرتا ہے۔ 2006ء میں اسے اینیمل پلینیٹ کے گیم شو میں بھی پیش کیا گیا تھا جہاں اس نے ’’پیٹ اسٹار‘‘کا لقب جیتا تھا۔اسی سال اس نے ایک اور شو میں شرکت کی تھی جہاں اس نے گانا بھی گایا تھا۔