Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اومی کرون کا بی اے 2 ویرئینٹ پہلی قسم سے زیادہ مہلک نہیں: ڈبلیو ایچ او

ان نتائج سے ڈنمارک جیسے ممالک کو مدد ملے گی (فوٹو اے ایف پی)
عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اومی کرون کا بی اے 2 ویرئینٹ پہلی قسم بی اے 1 سے زیادہ مہلک نہیں ہے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی سینیئر عہدیدار ماریہ وان کرکوو نے کہا کہ ’دنیا کے مختلف لوگوں کے نمونوں کی بنیاد پر ہم دونوں اقسام میں کوئی فرق نہیں سمجھ رہے۔‘
ان کہنا تھا کہ ’لہٰذا دونوں ایک جیسا متاثر کرتے ہیں اور یہ کہنا بہت ضروری ہے کیونکہ بعض ممالک میں دونوں اقسام پائی جاتی ہیں۔‘
ماریہ وان کرکوو عالمی ادارہ صحت کی کورونا رسپانس ٹیم کی سربراہ ہیں اور وہ وائرس کی ابتدا ماپنے والے ماہرین کی کمیٹی کی تحقیق پر رپورٹ پیش کر رہی تھیں۔
ان نتائج سے ڈنمارک جیسے ممالک کو مدد ملے گی جہاں اومی کرون کا بی اے 2 ویرئینٹ رپورٹ ہوا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے ایک بیان میں کہا کہ ’ابتدائی ڈیٹا سے معلوم ہوا ہے کہ نیا ویرئینٹ پہلے والے سے زیادہ پھیلتا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیق کی جا رہی ہے۔ تاہم دنیا بھر میں تمام اقسام کا پھیلاؤ کم ہو رہا ہے۔‘
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے 58 لاکھ سے زیادہ ہلاکتیں ہو چکی ہیں، لیکن عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے ہلاکتوں کی اصل تعداد اس سے دو، تین گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔

شیئر: