’امید تھی سفارتکاری جنگ کو ٹال سکتی ہے‘ عمران خان کی روسی صدر سے ملاقات کا اعلامیہ
’امید تھی سفارتکاری جنگ کو ٹال سکتی ہے‘ عمران خان کی روسی صدر سے ملاقات کا اعلامیہ
جمعرات 24 فروری 2022 20:30
وزیراعظم عمران خان نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات میں مستقبل میں مزید وسعت آئے گی۔ فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے وزیراعظم کے دورہ ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق عمران خان نے روس یوکرین صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید تھی کہ سفارتکاری جنگ کو ٹال سکتی ہے۔
جمعرات کی شام پاکستان کے وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے اعلامیے کے مطابق عمران خان نے روسی صدر سے ملاقات میں جنوبی ایشیا کی صورتحال کو اجاگر کیا اور دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر طویل تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے روس کے پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن پراجیکٹ کی اہمیت کو دہراتے ہوئے اسے فلیگ شپ منصوبہ قرار دیا اور توانائی سے متعلق منصوبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے روس کے ساتھ طویل مدتی اور کثیر الجہتی تعلقات کے پاکستانی عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات میں مستقبل میں مزید وسعت آئے گی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے اور تعلقات کو آگے بڑھانے کا عزم ظاہر کیا۔
روس یوکرین تنازع سے متعلق اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے ملاقات میں روسی صدر کو بتایا کہ پاکستان کو امید تھی کی سفارتکاری فوجی ایکشن کو ٹال سکتی ہے۔
جنوبی ایشیا کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے انڈیا کے زیرانتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی جانب توجہ دلائی اور تنازعے کے پُرامن حل کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
انہوں نے تنازعے کے باعث خطے کے امن و استحکام کو لاحق خطرات کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ تصادم کسی کے مفاد میں نہیں۔
علاقائی تناظر میں وزیراعظم نے افغانستان میں انسانی بحران اور معاشی بدحالی کی جانب توجہ دلائی جہاں فوری مدد کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں ریڈیو پاکستان نے خبر دی تھی کہ وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ماسکو میں معاونین کے بغیر ملاقات ہوئی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی معاملات کے کثیر جہتی ایجنڈے پرغور کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات بشمول اقتصادی اورتوانائی کے شعبوں میں تعاون خصوصاً پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کا جائزہ لیا۔
یوکرین میں وقوع پذیر منظر نامے سمیت علاقائی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ روس کے صدر نے وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔
اس سے قبل کریملن میں آمد پر روس کے صدر نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی روس گیا ہے جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین، منصوبہ بندی کے وفاقی وزیر اسد عمر، حماد اظہر، مشیرتجارت عبدالرزاق دائود، قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف اور قومی اسمبلی کے رکن عامر محمود کیانی شامل ہیں۔