وزیراعظم عمران خان کا دورہ روس منسوخ نہیں ہوا: فواد چوہدری
جمعرات 24 فروری 2022 12:17
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
وزیراعظم عمران خان آج رات وطن واپس پہنچیں گے۔ (تصویر: شہباز گل)
پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس کے حوالے سے کی جانے والی قیاس آرائیاں غلط ہیں۔
اپنی ایک ٹویٹ میں وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ’دورہ جاری ہے اور وزیراعظم شیڈول کے مطابق آج رات کو واپس پاکستان آ جائیں گے۔‘
ان کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب متعدد میڈیا اداروں کی جانب سے یہ خبر چلائی گئی تھی کہ یوکرین اور روس کشیدگی کے سبب وزیراعظم عمران خان اپنا دورہ روس ختم کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان روس کے دو روزہ دورے پر بدھ کی رات ماسکو پہنچے تھے۔
وزیراعظم پاکستان کے آفس سے بدھ کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے ماسکو پہنچنے پر روس کے نائب وزیر خارجہ نے ان کا استقبال کیا اور ائیر پورٹ پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا تھا۔
واضح رہے روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کی صبح یوکرین میں فوجی آپریشن کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد روسی وزارت دفاع نے یوکرین کی ایئر بیس اور اس کا فضائی دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ دارالحکومت کیف سمیت متعدد شہروں میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کی صبح یوکرین میں علیحدگی پسندوں کی مدد کے لیے فوجی آپریشن کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے کہا ہے کہ صدر پوتن کے اعلان کے بعد روسی افواج نے یوکرین کے کئی شہروں پر میزائل داغے ہیں جبکہ یوکرین کے جنوبی ساحل کے قریب فوجی بھی اتارے گئے ہیں۔