شیشہ کیفوں میں ریکارڈ کی جانے والی خلاف ورزیاں
چلم تیار کرنے والی جگہ کو صاف رکھنا اہم ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض ریجن کی بلدیہ کا کہنا ہے کہ شیشہ کیفوں کے علاوہ اشیائے خورونوش فراہم کرنے والی دکانوں اور ریسٹورانٹس کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے تاکہ صارفین کو معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اخبار24 کے مطابق بلدیہ کی جانب سے شیشہ کیفوں میں ریکارڈ کی جانے والی خلاف ورزیوں کے حوالے کہا گیا ہے کہ شیشہ کے لیے چلم تیار کرنے کے لیے تمباکو کو مکس کرنے کا مقام جدا ہونا چاہئے۔ عام طورپرتفتیشی ٹیمیں شیشہ کیفوں کے مالکان کو اس حوالے سے متنبہ کرتی رہتی ہیں۔
شیشہ کیفے کے لیے لازمی ہے کہ شیشہ تیار کرنے والی جگہ کیفے کے سامنے نہ ہوجبکہ 18 برس سے کم عمر افراد کو شیشہ فراہم کرنا بھی خلاف قانون ہے جس پرجرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
شیشہ کیفوں پریہ پابندی بھی ہے کہ ہرصارف کو پلاسٹک کا ایک ہی بار استعمال ہونے والا پائپ دیا جائے متعدد بار استعمال ہونے والا پائپ مضرہوسکتا ہے۔ کیفوں میں متعدد بار استعمال ہونے والا پائپ فراہم کرنے پرچالان کیاجاتا ہے۔
کیفے میں صفائی کا خاص اہتمام کیاجانا لازمی ہے خاص کراس مقام کی مستقل بنیادوں پرصفائی کا اہتمام کیاجائے جہاں ’چلم ‘ تیار کی جاتی ہے۔