’دا کراؤن‘ کی عکس بندی کے دوران دو لاکھ ڈالرز کا سامان چوری
جمعہ 25 فروری 2022 16:13
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دا کراؤن کا پانچواں سیزن رواں برس نومبر میں نشر کیا جائے گا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
نیٹ فلکس کی مشہور سیریز ’دا کراؤن‘ میں استعمال ہونے والی دو لاکھ ڈالرز مالیت کی نوادرات چوری ہوگئی ہیں۔
ویڈیو سٹریمنگ سروس نیٹ فلکس نے تصدیق کی ہے کہ چوری ہونے والی نادر اشیا کی تعداد 350 کے قریب بنتی ہے۔
چوری ہونے والی اشیا میں سونے اور چاندی کا سامان بھی شامل ہے۔ اس حوالے سے نیٹ فلکس کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں امید ہے کہ یہ تمام اشیا جلد ہی ہمیں واپس مل جائیں گی۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ چوری ہونے والی اشیا کا متبادل منگوالیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ اس چوری سے سیریز کی عکسبندی متاثر نہیں ہوگی۔
امریکی نشریاتی ادارے ’این بی سی‘ کے مطابق ساؤتھ یارک شائر پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہ چوری بدھ کو ہوئی جب تین گاڑیوں میں موجود لوگ سب سامان اٹھاکر لے گئے۔‘
واضح رہے اس وقت ’دا کراؤن‘ کے پانچویں سیزن کی عکسبندی کی جارہی ہے۔ سیزن فائیو کی عکسبندی جولائی میں شروع ہوئی تھی اور سیزن کے دوران ملکہ ایلزبتھ دوئم کو بھی دکھایا جائے گا۔
’دا کراؤن‘ کا پانچواں سیزن رواں سال نومبر میں نشر کیا جائے گا۔