سپوٹیفائی ڈیٹا کے مطابق بیرون ملک سنے جانے والے پاکستانی گلوکاروں میں گانوں کی تعداد کے اعتبار سے عاطف اسلم سرفہرست رہے۔ دنیا بھر میں سب سے زیادہ سنے گئے دس گانوں میں سے تین عاطف اسلم کے تھے۔ ان میں ’کدی تے ہنس بول‘، جینا جینا (بدلہ پور) اور تیرے سنگ یارا شامل ہیں۔
گانوں کی تعداد کے اعتبار سے پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان دوسرے، نصرت فتح علی خان تیسرے، مومنہ مستحسن چوتھے جب کہ بلال سعید پانچویں نمبر پر رہے۔
پاکستانی گانوں میں سب سے زیادہ بلال سعید اور مومنہ مستحسن کا گیت ’باری‘ سنا گیا۔ اسی جوڑی کا ’اچیاں دیواراں‘ چوتھے جب کہ مومنہ مستحسن اور عدنان دھول کا گیت ’آواری‘ نویں نمبر پر رہا۔
ریپ میوزک جوڑی ینگ سٹنرز کے گیت ’گمان‘ریپ ڈیمن کے ساتھ ’ڈونٹ مائنڈ‘ اور ’افسانے‘ تیسرے، ساتویں اور آٹھویں نمبر پر رہے۔
سپوٹیفائی کے مطابق پاکستانی گلوکاروں کی پیشکش کی مقامی اور بین الاقوامی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔ پاکستانی گانوں کو سامعین کی 23 فیصد تعداد کینیڈا، امریکہ، برطانیہ اور جرمنی سے ملی ہے جب کہ اب تک سٹریمنت میں 223 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
پاکستانی گلوکاروں کی جانب سے پیش کردہ موسیقی کی اقسام میں سے ہپ ہاپ کو بیرونی دنیا میں سب سے زیادہ پسند کیا گیا ہے۔ پاکستانی گانوں کی عالمی سٹریمنگ میں ہپ ہاپ کی سٹریمنگ 60 فیصد رہی۔