گھڑدوڑ ’سعودی کپ 2022 ‘ کا اختتام، ولی عہد کی شرکت
’سعودی کپ 2022‘ گھڑ دوڑ کے فاتح شہزادہ سعود بن سلمان نے حاصل کیا(فوٹو، ٹوئٹر)
ولی عہد مملکت و نائب وزیر اعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سنیچر کی شب شاہ عبدالعزیز ریس کورس گراونڈ پہنچے جہاں انہوں نے مملکت کی مہنگی ترین گھڑدوڑ ’سعودی کپ 2022 ‘ کے اختتامی روانڈ کی تقریب میں شرکت کی۔
عاجل نیوز کے مطابق ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے گھڑ دوڑ کے فاتح شہزادہ سعود بن سلمان کو ’سعودی کپ 2022‘ ٹرافی دی۔ مقابلے کا فاتح شہزادہ سعود بن سلمان کا ’ایمبلم روڈ‘ نامی گھوڑا قرار پایا۔
واضح رہے دنیا کی مہنگی ترین گھڑدوڑ کے مقابلے کا آغاز جمعہ کی شب ریاض شہر کے شاہ عبدالعزیز ریس کورس گراونڈ میں ہوا تھا۔
دریں اثنا سبق نیوزکے مطابق گھڑ دوڑکے تیسرے ایڈیشن میں برطانیہ سے 13 گھوڑے ، امارات سے 13 ، جاپان سے 12 ، فرانس سے 11 ، امریکہ سے 9 ، قطر 6 ، بحرین 5 ، ائرلینڈ سے دو جبکہ یونان ، جرمنی ، ارجنٹائن اور اسپین سے ایک ایک گھوڑا مقابلے میں شامل تھا۔
واضح رہے دنیا کے مہنگے ترین گھڑ دوڑ کے مقابلے میں 35.1 ملین ڈالر کے انعامات رکھے گئے ہیں۔ اس حوالے سے یہ دنیا کی مہنگی ترین گھڑ دوڑ مانی جاتی ہے جس میں مختلف ممالک سے شائقین شرکت کرتے ہیں۔