واشنگٹن- - - - -امریکا کی جانب سے شام کے ایئربیس پر حملے کی اطلاعات کے بعد ایشیائی اسٹاک مارکیٹیں مندی کا شکار ہوگئیں جبکہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں یک دم اضافہ ہوگیا۔ امریکی عہدیداروں کی جانب سے روس اور ایران کی حمایت یافتہ بشارالاسد کی حکومت کے خلاف حملوں کے دعویٰ کے بعد مارکیٹ میں افراتفری کی صورت حال پیدا ہوئی اور ڈالر کی قیمت گرگئی جبکہ سونے کی قیمت میں اضافہ ہوا۔جاپان سے باہر ایم ایس سی آئی کے ایشیا پیسیفک حصص کا انڈیکس اعشاریہ 5 فی صد گر گیا۔ اس وقت مارکیٹ میں صورت حال مختلف ہے۔ایشیائی مارکیٹوں میں سنگاپور اسٹاک ایکسچینج پر سب سے زیادہ اثرات مرتب ہوئے جہاں چار سیشن کے دوران ایک فی صد خسارہ ہوا۔انڈونیشیا کی مارکیٹ 6 فی صد تک گر گئی جہاں ٹیلی کام کے شعبے میں سب سے زیادہ 1.2 فی صد کا نقصان ہوا۔خطے کی 45 اسٹاک مارکیٹوں میں اعشاریہ 9 تک کی گراوٹ دیکھنے میں آئی، جہاں تھائی لینڈ کی اسٹاک مارکیٹ اعشاریہ 2 فی صد گر گئی تاہم ویتنام اور ملائیشیا کی مارکیٹ کا توازن برقرار ہے۔فلپائن کی مارکیٹ میں حیران کن طور پر اضافہ دیکھا گیا جہاں 5 میں سے چوتھے سیشن تک 1.3 فی صد تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ تیل کی قیمت ماہ کی بلند ترین سطح 55.78 ڈالر فی بیرل تک جاپہنچی ہے۔