وزیراعظم عمران خان آج قوم سے خطاب کریں گے
فواد چوہدری نے ٹویٹ میں لکھا ’’وزیراعظم آج روس اور یوکرین کے تنازع کے بعد معیشت اور عالمی چیلنجز پر قوم کو اعتماد میں لیں گے‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان آج شام چھ بجے قوم سے خطاب کریں گے۔
پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اس حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’وزیراعظم آج روس اور یوکرین کے تنازع کے بعد معیشت اور عالمی چیلنجز پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔‘
علاوہ ازیں جیکب آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بھی وزیراعظم کے آج کے خطاب کے بارے میں کہنا تھا کہ آج وہ ’قوم سے دل کی بات کریں گے۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج کے خطاب میں وزیراعظم کی جانب سے بہت بڑا اعلان بھی کیا جائے گا۔
خیال رہے جمعرات کو جب روس نے یوکرین پر حملہ کیا اس وقت پاکستان کے وزیراعظم عمران خان روس کے دوروزہ دورے پر ماسکو میں موجود تھے۔
علاوہ ازیں حکومت کے خلاف اپوزیشن جماعتوں کی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے لانگ مارچ کا آغاز کر دیا گیا ہے جب کہ حزب اختلاف کی جماعتوں پر مشتمل اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے بھی 23 مارچ کو اسلام آباد کی طرف مارچ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔