Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیراعظم پیٹرول اور بجلی سستی کرنے کا اعلان کریں گے، پرویز خٹک کا دعویٰ

قیمتوں میں کمی کرنے کا دعویٰ وزیر دفاع نے اپنے خطاب میں کیا۔ (فوٹو: اے پی پی)
وزیر دفاع پرویز خٹک نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان آج پیٹرول اور بجلی سستی کرنے کا اعلان کریں گے۔
اتوار کو وزیر دفاع پرویز خٹک نے ضلع نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان قوم سے خطاب کریں گے جس میں عوام کو خوش خبری دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بیچلرز ڈگری حاصل کرنے والے نوجوانوں کو گھر بیٹے 10 ہزار روپے ماہانہ دیا جائے گا۔
انہوں نے خطاب میں بتایا کہ عوام کو ریلیف دینے اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے حکومت نے 250 ارب روپے اوگرا کو دیے جس سے پیٹرول کی قیمت اگلے چار مہینوں تک مستحکم رہے گی۔
انہوں نے بتایا ہوسکتا ہے کہ ان چار مہینوں میں عالمی حالات بہتر ہو جائیں جس سے پیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہو۔ 
جلسے سے خطاب میں پرویز خٹک نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان بجلی بھی سستی کرنے کا اعلان کریں گے جبکہ بیروزگار نوجوانوں کو گھر بیٹھے 10 یا 20 ہزار روپے ماہانا دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا ’حکومت کی کوشش یہی ہے کہ ملک میں مہنگائی پر قابو پایا جاسکے، بیروزگاری کا مکمل خاتمہ تو نہیں کیا جاسکتا لیکن اس میں تھوڑی بہت کمی لا سکتے ہیں۔‘
پیٹرول کی قیمتوں میں ہر روز اضافہ ہونے اور مہنگائی بڑھنے کے حوالے سے اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے بتایا حکومت کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے سنجیدگی سے سوچے تاکہ ملک میں بڑھتی مہنگائی، بیروزگاری پر قابوں پایا جاسکے کیونکہ عوام پریشان اور تنگ آگئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پرویز خٹک دفاعی وزیر ہیں اور ان کا اس سے کوئی تعلق نہیں لیکن دیکھتے ہیں کہ آج کے خطاب میں عمران خان عوام کو کونسی خوشخبریاں سناتے ہیں۔
یاد رہے کہ پیٹرول کی قیمتوں کا ہر 15 دن بعد تعین کیا جاتا ہے جبکہ 16 فروری سے پیٹرول فی لیٹر 12 روپے مہنگا کرنے کے بعد 159 روپے فی لیٹر ہوچکا ہے۔

شیئر: