Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومت میں آتے ہی صنعت میں سرمایہ کاری کے لیے ایمنسٹی دینا چاہیے تھی: عمران خان

نئی پالیسی کے تحت چھوٹی اور متوسط انڈسٹری کو مراعات دی جائیں گی۔ فائل فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت میں آتے ساتھ ہی صنعت میں سرمایہ کاری کے لیے ایمنسٹی دینا چاہیے تھی۔
منگل کو وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں انڈسٹریل پیکج سے متعلق تقریب سے خطاب میں کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی انڈسٹری کے لیے پالیسی لائے ہیں تاکہ ان پر لگائی گئی پابندیوں کو کم سے کم کیا جائے، رکاوٹوں میں کمی لائیں اور آسانیاں پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ بیمار انڈسٹری میں بھی مراعات دے رہے ہیں تاکہ اس میں بھی سرمایہ کاری کی جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ’نئی پالیسی کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بھی موقع دے رہے ہیں کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔‘
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے یا پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ مشترکہ منصوبہ شروع کرنے پر پانچ سال کے لیے ٹیکس میں چھوٹ دیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’90 لاکھ اوورسیز پاکستانی ہیں جنہیں ہم واپس ملک میں لانے میں کامیاب نہیں ہوئے۔‘
انہوں نے انڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کہاں سے کہاں پہنچ گیا ہے، ان کی آئی ٹی انڈسٹری میں برآمدات 140 ارب ڈالر کی ہیں جبکہ پاکستان کی صرف چار ارب ڈالر کے قریب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری میں ترقی کے لیے کمپنیوں اور فری لانسرز کو مراعات دی ہیں، اور اسی شعبے میں سب سے زیادہ ترقی ہوگی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک سبزیاں اور گندم بیچ کر ترقی نہیں کر سکتا اور نہ ہی صنعتی ترقی اور پیداوار کے بغیر خوشحال ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ برآمدات نہیں بڑھیں گی تو ڈالر کی کمی کا مسئلہ درپیش رہے گا۔

شیئر: