جی سی سی اور او آئی سی کی جانب سے سلامتی کونسل کے فیصلے کا خیرمقدم
حوثی باغی جنگ بندی کی اپیل قبول کرلیں ( فوٹو ایس پی اے)
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے حوثیوں کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے اور اسلحہ کی پابندی سے متعلق سلامتی کونسل کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔
خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جی سی سی کے سیکریٹری جنرلل ڈاکٹر نایف الحجرف نے بیان میں امید ظاہر کی کہ سلامتی کونسل کا یہ فیصلہ حوثیوں کی سرگرمیاں روکنے میں معاون بنے گا۔
ڈاکٹر نایف الحجرف نے حوثیوں سے اپیل کی کہ ’وہ جنگ بندی کی اپیل قبول کرلیں اور اقوام متحدہ کی کوششوں کا ساتھ دیتے ہوئے سیاسی مشاورت کا حصہ بن جائیں‘۔
علاوہ ازیں اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) نےامید ظاہر کی کہ ’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نمبر2624 حوثیوں کے خطرات دور کرنے میں موثر ثابت ہوگی‘۔
او آئی سی نے یمنی بحران کے جامع سیاسی حل تک رسائی کے لیے کوششوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ خلیجی فارمولے، یمن کے قومی مکالمے کی قراردادوں اور2216 سمیت سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بحران کا سیاسی حل نکالا جائے‘۔