Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کوئٹہ میں دھماکہ، ڈی ایس پی سمیت تین افراد ہلاک، 25 زخمی

بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپوٹ کے مطابق ’دھماکے میں دو سے تین کلوگرام بارودی مواد اور بال بیرنگ کا استعمال کیا گیا۔‘ (فوٹو: اردو نیوز)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک دھماکے میں پولیس کے ڈی ایس پی سمیت تین افراد ہلاک جبکہ 25 زخمی ہوگئے ہیں۔
ڈی آئی جی کوئٹہ فدا حسین کا کہنا ہے کہ ’بدھ کی رات یہ دھماکہ کوئٹہ کے تھانہ سٹی کی حدود میں شہر کے مرکزی علاقے فاطمہ جناح روڈ پر جوتوں کی ایک دکان کے اندر ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں دکان کے اندر آگ بھڑک اٹھی۔‘
ڈی آئی جی کوئٹہ نے میڈیا کو مزید بتایا کہ ’دھماکے میں ڈی ایس پی اجمل خان بھی ہلاک ہوئے جبکہ زخمیوں میں بھی دو پولیس اہلکار شامل ہیں۔‘
دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد اور لاشوں کو سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر جاوید اختر کے مطابق ’ہسپتال لائے گئے 25 زخمیوں میں تین کی حالت تشویشناک ہے۔‘
پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ایک افسر نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’دھماکے سے قبل نامعلوم افراد نے دکان میں موجود دو افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا اور اس کے بعد وہاں بم نصب کیا۔ جب پولیس پہنچی اور لوگوں کی بڑی تعداد بھی جمع ہوئی تو نامعلوم افراد نے ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکا کیا۔‘
بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق ’دھماکے میں دو سے تین کلوگرام بارودی مواد اور بال بیرنگ کا استعمال کیا گیا۔‘
خیال رہے کہ کوئٹہ میں ایک ہفتے کے دوران دہشت گردی کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ 25 فروری کو مشرقی بائی پر نامعلوم افراد نے ہوٹل میں کھانا کھاتے ہوئے پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر سمیت دو اہلکاروں کو قتل اور ایک کو زخمی کر دیا تھا۔

شیئر: