امارات کورونا وبا پر کنٹرول کے بعد بحالی کے مرحلے میں داخل
امارات کورونا وبا پر کنٹرول کے بعد بحالی کے مرحلے میں داخل
بدھ 2 مارچ 2022 20:04
پچھلے چوبیس گھنٹے میں 519 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے( فوٹو ٹوئٹر)
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ’ امارات کورونا وبا پر کنٹرول کے بعد بحالی کے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ متاثرین کی تعداد کم ہوگئی۔ وبائی صورتحال پر کنٹرول ہے‘۔
الامارات الیوم کے مطابق قدرتی آفات بحرانوں اور ہنگامی امور کے قومی ادارے کے ترجمان ڈاکٹر طاہرالعامری نے کہا کہ’ متحدہ عرب امارات وبا کے ہنگامی حالات سے نمٹنے میں کامیاب رہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’موثر حکمت عملی کی بدولت امارات نے وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں کامیاب عالمی مثال قائم کی ہے‘۔
ڈاکٹر طاہرالعامری نے کہا کہ’ امارات تمام ریاستی اداروں کے تعاون سے وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہے۔ وائرس سے متاثرین کی تعداد میں نمایاں حد تک کمی کورونا ایس او پیز پر موثر عمل درآمد کا نتیجہ ہے‘۔
انوہں نے کہا کہ ’ولی عہد ابوظبی شیخ محمد بن زاید آل نہیان یہ خوشخبری دے چکے ہیں کہ چیلنج کے سب سے بڑے دور سے گزر چکے ہیں۔ اب گزشتہ عرصے کے دوران وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں حاصل ہونے والی کامیابی کا تحفظ کرنا ہے‘۔
’ جنوری اور فروری کے دوران وبا سے نمٹنے کے سلسلے میں امارات نے دنیا بھر کے ملکوں کے مقابلے میں بہترین ریکارڈ قائم کیا ہے‘۔
علاوہ ازیں متحدہ عرب امارات میں کورونا کے نئے کیسز مسلسل کم ہو رہے ہیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں 519 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق بدھ 2 مارچ کو گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 4 لاکھ 30 ہزار493 ٹیسٹ کیے گئے۔
امارات کے سرکاری خبر رساں ادارے ’وام‘ نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ’ نئے کیسز کے بعد متاثرین کی کل تعداد 8 لاکھ 80 ہزار970 تک پہنچ گئی ہے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار613 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔ صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر8 لاکھ 37 ہزار139 ہوگئی ہے۔‘
’ پچھلےچوبیس گھنٹے میں زیرعلاج مریضوں میں کوئی ہلاک نہیں ہوا, مرنے والوں کی کل تعداد دو ہزار301 ہے‘۔
علاوہ ازیں وزارت صحت نے بیان میں کہا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا ویکسین کی مزید 18 ہزار687 خوراکیں دی گئی ہیں۔ اب تک 2 کروڑ 41 لاکھ 88 ہزار 896 خوراکیں دی جاچکی ہیں۔‘