سعودی وزیر خارجہ اور روسی ہم منصب کا رابطہ، یوکرینی بحران پر گفتگو
باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے( فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی اور روسی وزرائے خارجہ نے خطے اور دنیا بھر کے حالات اورمسائل کے حل کےلیے کوششوں پر نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا۔
دونوں دوست ملکوں کے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعلقات کو مضبوط و مستحکم بنانے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے یوکرین بحران کی تازہ صورتحال پر غوروخوض کیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ’ بحران سے نمٹنے کا بہترین طریقہ فریقین کے درمیان مکالمہ ہے۔ اسے فروغ دیا جائے اور ایسے سیاسی حل تک رسائی حاصل کی جائے جو خطے اور دنیا بھر کے امن و استحکام کا باعث بنے‘۔
فریقین نے متعدد علاقائی و بین الاقوامی مسائل کے حوالے سے دوطرفہ کوششوں اور تعاون کے موضوع پر بھی بات چیت کی ہے۔
اس سلسلے میں مشرق وسطی میں امن و استحکام کے فروغ اور خطے نیز دنیا بھر میں دونوں دوست ملکوں کی جانب سے امن کی بنیادیں مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں پر خاص طور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔