یوکرین سے 98 فیصد پاکستانیوں کو نکال لیا گیا ہے: پاکستانی سفارت خانہ
پاکستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ’شدید جنگ والے علاقے میں اب بھی 30 پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں‘ (فائل فوٹو: دفتر خارجہ ٹوئٹر)
یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے کا کہنا ہے کہ روس کے حملے کے بعد جنگ زدہ ملک سے 98 فیصد پاکستانیوں کو نکال لیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کو ایک ٹوئٹر بیان میں پاکستانی سفارت خانے نے کہا کہ ’شدید جنگ والے علاقے میں اب بھی 30 پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں۔‘
روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے فروری کے آخر میں یوکرین کے خلاف بڑے پیمانے پر حملے کا حکم دیا تھا۔
روسی حملے کے بعد سے یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے وہاں سے اپنے شہریوں کو نکالنا شروع کردیا۔
ولادیمیر پوتن کے حکم کے بعد روسی افواج نے یوکرینی شہروں پر حملوں کا سلسلہ شروع کردیا جو اب بھی جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کے سفارت خانے نے یوکرین سے بحفاظت 98 فیصد پاکستانیوں کو نکال لیا ہے،‘ اس کے ساتھ ہی بتایا گیا ہے کہ اندازاً 30 پاکستانی شہری اب بھی وہاں موجود ہیں۔‘
ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’سفارت خانے نے دونوں ممالک سے انسانی امداد کی راہداری قائم کرنے کی درخواست کی ہے تاکہ علاقے میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو نکالا جاسکا۔‘