Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پشاور دھماکے میں ملوث تین ملزموں کی شناخت ہو گئی‘

جمعے کو پشاور کی جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 62 افراد ہلاک ہوئے تھے (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پشاور کے دھماکے میں ملوث تین ملزموں کی شناخت ہو چکی ہے، ایک دو روز میں پولیس ان تک پہنچ جائے گی۔
سنیچر کو ایک ویڈیو بیان میں شیخ رشید کا مزید کہنا تھا کہ ’پولیس اور تحقیقاتی اداروں نے بڑا زبردست کام کیا ہے اور معاملے کی تہہ تک پہنچ گئی ہے۔‘
جمعے کو پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار میں ’خودکش دھماکے‘ سے کم از کم 62 افراد ہلاک جبکہ 194 زخمی ہوئے تھے۔
شیخ رشید نے ویڈیو بیان میں یہ بھی واضح کیا کہ وزارت داخلہ کو نواز شریف کی جانب سے کوئی درخواست نہیں دی گئی۔
اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لائے جانے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس پر بڑا شور مچایا جا رہا ہے تاہم ابھی تک اجلاس کی ریکوزیشن بھی موصول نہیں ہوئی ہے۔
ان کے مطابق ’ریکوزیشن موصول ہونے کے بعد 14 روز میں سپیکر نے اجلاس بلانا ہوتا ہے، ریکوزیشن اور تحریک دو مختلف چیزیں ہیں۔‘
انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہ وہ عوام میں غلط فہمیاں پیدا نہ کرے۔
ان کے بقول ’سیلاب اور زلزلے ملکوں کو تباہ نہیں کر سکتے تاہم افواہوں اور انتشار سے ملکوں کو نقصان پہنچتا ہے۔‘
انہوں نے تحریک عدم کو ’دلی دور است‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک مہینے کا پروسیجر ہے۔

شیئر: