لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ میں دھماکہ، ’تین افراد ہلاک، 26 زخمی‘
جمعرات 20 جنوری 2022 12:57
لاہور میں حکام کے مطابق لوہاری گیٹ کے علاقے میں ہونے والے دھماکے تین افراد ہلاک ہوئے جبکہ 26 زخمی ہیں۔
میو ہسپتال کے ایم ایس نے تین ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔
جمعرات کو لاہور کے علاقے لوہاری گیٹ کے قریب نئی انار کلی بازار میں دھماکہ ہوا جس سے متعدد عمارتوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا۔
میو ہسپتال لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ’زخمیوں میں سے تین خواتین سمیت 22 افراد کی حالت بہتر ہے جبکہ چار افراد کی حالت تشویش ناک ہے، جن کا آپریشن جاری ہے۔‘
ڈاکٹر یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ ایک فرد کو جب ہسپتال لایا گیا تو وہ پہلے ہی انتقال کر چکا تھا جبکہ ایک زخمی کی موت ہسپتال میں ہوئی ہے۔
اس سے قبل ترجمان لاہور پولیس رانا عارف نے بھی اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تین افراد کی ہلاکتوں کی تعداد تین بتائی تھی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ’بم پرائز بانڈ کی دکان کے باہر موجود موٹر سائیکل میں نصب تھا۔‘
وزیراعظم عمران خان نے لاہور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔
پرائم منسٹر آفس سے جاری پیغام کے مطابق وزیراعظم نے پنجاب حکومت سے واقع کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشت گردی ملک کے لیے نیک فال نہیں ہے۔‘
قبل ازیں وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے بھی صوبائی حکومت سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے انارکلی میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’دھماکے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔‘
انہوں نے دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ’پنجاب حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔‘
انہوں نے اس دھماکے کو دہشتگردی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’مُٹھی بھر دہشت گرد قوم کے پختہ عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، یہ واقعہ امن و امان کی فضاء کو سبوتاژ کرنے کی مذموم کارروائی ہے۔‘