Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی کی بس میں خاتون مسافر پر تشدد کرنے والا کون ہے؟

ویڈیو شیئر کرنے والوں نے دعوی کیا تھا کہ بس کنڈکٹر نے خاتون پر تشدد کیا ہے (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں مسافر بس میں سوار ایک خاتون پر تشدد دکھاتے مناظر گزشتہ چند گھنٹوں سے سوشل ٹائم لائنز پر شیئر کیے جا رہے ہیں۔
پبلک ٹرانسپورٹ میں خاتون پر تشدد سے متعلق ویڈیو میں واضح ہے کہ وہاں موجود ایک فرد بس کے دروازے کے قریب کی نشست پر بیٹھی باحجاب خاتون پر تشدد کر رہا ہے۔
ویڈیو شیئر کرنے والوں کا دعوی تھا کہ یہ کراچی کے علاقے مومن آباد میں پیش آنے والا واقعہ ہے جس میں بس کا کنڈکٹر گاڑی میں سوار خاتون پر تشدد کر رہا ہے اور خاتون بھی جواب میں اسے تھپڑ مار رہی ہے۔
واقعے کی تفصیلات شیئر کرنے والے محکمہ پولیس اور دیگر حکام کو مینشن کرتے ہوئے تشدد کرنے والے فرد کی فوری گرفتار کا مطالبہ کرتے رہے تھے۔
سنیچر کو اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کے سیکشن افسر شیر شاہ معین نے بتایا کہ ’پولیس نے واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے بس کے کنڈیکٹر کو حراست میں لیا اور بس کا چالان بھی کیا تھا۔‘
پولیس افسر کے مطابق ابتدائی کارروائی کے بعد بس کے مالک نے پولیس سٹیشن پہنچ کر بتایا کہ اس واقعہ میں بس کنڈیکٹر ملوث نہیں، ویڈیو میں نظر آنے والا مرد اور خاتون بس میں ایک ساتھ سوار ہوئے اور فقیر کالونی کے سٹاپ پر اترے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ ویڈیو کی ابتدا میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نیلے رنگ کے لباس میں ملبوس کنڈیکٹر پہلے ہی بس سے نیچے اتر چکا ہے۔ تشدد کا یہ واقعہ خاتون اور سفید لباس میں موجود فرد کےدرمیان پیش آیا، اس سے بس کنڈیکٹر کا کوئی تعلق نہیں ہے۔
سیکشن افسر کے مطابق پولیس نے شواہد دیکھنے کے بعد بس کنڈیکٹر کو رہا کر دیا البتہ مسافر بس اب بھی پولیس کی تحویل میں ہی ہے۔

شیئر: