انٹرنیشنل میراتھن کا اہتمام سعودی سپورٹس آرگنائزیشننے کیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی سپورٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سنیچر کی صبح ریاض انٹرنیشنل میراتھن 2022 کا انعقاد ہوا ہے۔ میراتھن میں دس ہزار سے زیادہ شرکا نے حصہ لیا جو ریس کے منتظمین کی توقع سے دگنی تعداد سے زیادہ ہے۔
وژن 2030 کے اہداف کے حصول کے لیے وزارت سپورٹس اور کوالٹی آف لائف پروگرام اس کی سرپرستی کررہے ہیں۔ یہ مملکت میں اپنی نوعیت کی پہلی میراتھن ہے۔
عرب نیوز اور اخبار24 کے مطابق سپورٹس آرگنائزیشن نے میراتھن کے شرکا کے لیے 20 لاکھ ریال سے زیادہ کے انعامات رکھے تھے۔
انٹرنیشنل میراتھن کا آغاز کنگ سعودی یونیورسٹی سے ہوا، میراتھن کے شرکا نے متعدد تاریخی مقامات الدرعیہ، ڈیجیٹل سٹی اور یونیورسٹی سے گزرتے ہوئے 42 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔
ریاض میراتھن میں ہرعمر اور ایتھلیٹک صلاحیتوں کے افراد کو حصہ لینے کی ترغیب دینے کے لیے ریسوں کی ایک رینج شامل ہے۔
18 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے 21.1 کلومیٹر کی ہاف میراتھن، 17 سال اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے 10 کلومیٹر کی ریس، ابتدائی اور بچوں کے لیے 4 کلومیٹر کی ریس شامل تھی۔
سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن کی مینجنگ ڈائریکٹر شیما صالح الحسینی نے کہا کہ ’ چونکہ یہ ہماری پہلی (مکمل) میراتھن تھی،ہم اصل ٹرن آؤٹ کی نصف تعداد کی توقع کر رہے تھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ریس میں 10 ہزار سے زیادہ افراد کا مقابلہ کرنا ظاہر کرتا ہے کہ سعودی عرب میں جسمانی سرگرمی کی تحریک بڑے پیمانے پر بڑھ رہی ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم نے ایک ریکارڈ بنایا اور مجھے اس پر بہت فخر ہے۔‘
سعودی سپورٹس فار آل فیڈریشن (ایس ایف اے) 2018 میں قائم کی گئ تھی۔ فیڈریشن کے صدر شہزادہ خالد بن الولید بن طلال نے گزشتہ نومبر میں ریاض میراتھن 2022 کا آغاز کیا تھا۔