مکہ کے ہسپتالوں میں مریضوں کی عیادت کےلیے آنے کی اجازت
مریضوں سے ملنے والے ہسپتال پروٹوکولز کا خیال رکھیں( فوٹو سبق)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ کے ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی اجازت دی گئی ہے۔۔
سبق نیوز کے مطابق مکہ کے ہسپتالوں میں کورونا کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے دوماہ قبل ہسپتالوں میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
پابندی کا مقصد کورونا کے پھیلاو کو روکنا تھا تاکہ مریضوں کی بہتر طورپرنگہداشت کی جاسکے۔
سبق نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ریجنل طبی ادارے کی جانب سے زیرعلاج مریضوں سے ملنے کے لیے آنے والوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ صرف وہی افراد عیادت کےلیے آسکتے ہیں جنہوں نے ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوالی ہوں اور توکلنا پران کا سٹیٹس امیون ہو۔
ادارہ صحت کی جانب سے مزید کہا گیا کہ مریضوں سے ملنے کےلیے آنے والوں کو چاہئے کہ ہسپتال پروٹوکولز کا خیال رکھیں۔ ماسک کے استعمال کویقینی بنائیں۔ مصافحہ سے گریز کریں اورہاتھوں کو سینیٹائزکرتے رہیں۔