Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مالدیپ جانے والے مسافروں کے لیے پی سی آر ٹیسٹ ضروری 

سعودی شہری پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر مالدیپ کا سفر نہ کریں(فائل فوٹو روئٹرز)
مالدیپ میں سعودی سفارتخانے نے کہا ہے کہ مالدیپ کے سفر کے لیے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ ضروری ہے۔ سعودی شہری پی سی آر ٹیسٹ کے بغیر مالدیپ کا سفر نہ کریں۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ ’مالدیپ روانگی سے قبل 72 گھنٹے کے اندر پی سی آر ٹیسٹ کے لیے نمونہ دینا ہوگا۔ اس پابندی سے ویکسین لگوانے والے اور ایک برس سے کم عمر کے بچے مستثنی ہوں گے‘۔
سعودی سفارتخانے نے بیان میں کہا کہ مالدیپ آنے والوں کے  لیے ویب سائٹ پر صحت حالت فارم پر کرنا ضروری ہے۔ یہ کارروائی مالدیپ پہنچنے سے 48 گھنٹے قبل کی جائے۔ ویب سائٹ پر مالدیپ میں رہائش کی بکنگ اور واپسی کے ٹکٹ کا اندراج بھی لازمی ہے۔
سعودی سفارتخانے نے بتایا کہ ’سعودی عرب میں منظور شدہ ایپس کے ذریعے ویکسین کی خوراکوں کے ریکارڈ کی کاپی ہمراہ رکھنا ضروری ہے۔ یہ پابندی مالدیپ کے سرکاری اداروں نے بارہ برس اور اس سے زیادہ عمر کے افراد پر لگائی ہوئی ہے‘۔ 
سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ’جو سعودی شہری ویکسین کی مطلوبہ خوراکیں لے چکے ہوں اور آباد جزائر میں مقیم ہوں ان سے واپسی کے وقت پی سی آر ٹیسٹ رپورٹ طلب نہیں کی جائے گی‘۔
سعودی سفارتخانے نے کہا کہ ’سعودی عرب واپسی کے وقت متعلقہ فضائی کمپنی سے رابطہ کرکے اس بات کا اطمینان کرلینا ضروری ہے کہ پی سی آر کی منفی رپورٹ ضروری ہے یا نہیں۔ مالدیپ سے نکلنے کے لیے دیگر ضروری پابندیوں کے بارے میں بھی استفسار ضرور کیا جائے‘۔ 

شیئر: