السعودیہ کی مالدیپ کے لیے ہفتے میں چار براہ راست پروازیں
مسافر ریاض یا جدہ سے براہ راست مالدیپ کا سفر کر سکیں گے( فائل فوٹو سبق)
سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) نے مالدیپ کے لیے براہ راست پروازوں کی سہولت فراہم کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی السعودیہ ریاض اور جدہ سے جزائر مالدیپ کے لیے ہفتے میں چار براہ راست پروازیں چلارہی ہے۔ اس سے قبل سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں سٹیشن کرکے مالدیپ کا سفر کرا رہی تھی۔
السعودیہ کی براہ راست پروازوں سے مسافر پورے ہفتے یا ویک اینڈ پر ریاض یا جدہ سے براہ راست مالدیپ کا سفر کر سکیں گے۔
السعودیہ مالدیپ کے لیے جدید ترین بوئنگ 777-300 اور787 ڈریم لائنر چلا رہی ہے۔ ان پر بزنس کلاس کی سہولت بھی ہے۔ آرام دہ بیڈ سیٹ کا بھی انتظام ہے۔ سیاحتی درجے والی نشستیں بھی ہیں۔ ہر نشست کے ساتھ آرام دہ سکرین بھی مہیا ہے۔
السعودیہ اپنے مسافروں کو پرواز کے دوران 50 ہزار سے زیادہ تفریحاتی مواد سے لطف اٹھانے کا موقع فراہم کررہی ہے۔ براہ راست پرواز 5 گھنٹے کی ہوگی۔ اس دوران مسافر تفریحاتی مواد سے لطف اٹھاسکیں گے۔