Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کی سلامتی اور استحکام سعودی عرب کو بہت عزیز ہے، آل الشیخ

لاہور:پاکستان کی سلامتی اور استحکام سعودی عرب کو بہت عزیز ہے ۔ کسی بھی مرحلہ پر پاکستان کو تنہا چھوڑنے کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ۔ یہ بات سعودی عرب کے وزیر مذہبی امور شیخ صالح بن عبدالعزیز آل الشیخ نے چیئرمین پاکستان علمائ کونسل اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے ملاقات کے دوران کہی ۔ اس موقع پر امام حرم کعبہ شیخ صالح بن محمد آل طالب بھی موجود تھے ۔ سعودی عرب کے وزیر مذہبی امورشیخ صالح بن عبدالعزیز آل الشیخ نے کہا کہ پاکستانی قوم کی ارض حرمین شریفین سے محبت لازوال ہے اور پاکستان علمائ کونسل اور دیگر مذہبی اور سیاسی جماعتوں کا ارض حرمین شریفین کے حوالے سے موقف قابل تحسین اور قابل قدر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد اور عالم اسلام کے مسائل کے حل کےلئے کوشش کی ہے ۔دوسری طرف پاکستان علمائ کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ لاہور سے شام تک بے گناہ انسانیت کا خون بہانے والوں کے خلاف مسلم امہ کو کھڑا ہونا ہو گا۔ دہشت گرد اور انتہا پسندوں کے خلاف آپریشن رد الفساد کو ہر سطح پر کامیاب بنانا ہو گا۔ پیغام اسلام کانفرنس دہشت گردی ، انتہا پسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کے خلاف پاکستان کے تمام مکاتب فکر کی وحدت کا عملی مظاہرہ ہو گا۔وہ جامعہ مسجد المرسلین صادق آباد راوالپنڈی میں علماء کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر مولانا عبد الحمید صابری ، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا ممتاز ربانی ، مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا محمد شہباز ، مفتی ناصر عباسی ، مولانا خورشید سمیت دیگر علماء بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے خودکش حملے کے ذمہ دار افغانستان میں بیٹھے ہیں جو ہندوستان کے تعاون سے پاکستان کو کمزور کر رہے ہیں ، حکومت کو ہندوستان اور افغانستان کا پاکستان کے خلاف سازشیں کرنا دنیا پر واضح کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام نے کل بھی وطن عزیز کے دفاع کیلئے قربانیاں پیش کی تھیں اور آئندہ بھی ہر سطح پر افواج پاکستان اور ملک کے سلامتی کے اداروں کے ساتھ مل کر جدوجہد کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ مدارس اور مساجد امن کے گہوارے ہیں ، اور آئندہ جمعۃ المبارک کو ہندوستان اور افغانستان کی طرف سے پاکستان کے خلاف کی جانے والی سازشوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے شام کے صوبے ادلب میں کیمیائی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی دنیا اور مسلم امہ کو شام کی حکومت کی طرف سے بے گناہ شامیوں پر کئے جانے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کرنی ہو گی ، عالمی دنیا شامی بچوں کے قتل عام پر خاموشی توڑے اور بشارالاسد کی حکومت کے خلاف فوری کاروائی کرے ۔ایک قرار داد میں پاکستان علماء کونسل نے سعودی عرب کے شام کے مسئلہ پر موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کا شام ، عراق ، یمن کی صورتحال پر موقف امت مسلمہ کی ترجمانی ہے اور بشار الاسد کے خلاف جو اقدام بھی عالمی دنیا اٹھائے گی پاکستان علماء کونسل اس کی مکمل تائید کرتی ہے۔
 
 
 

شیئر: