حرم مکی میں عمرہ زائرین کےاستقبال کی تیاریاں مکمل
حرمین شریفین انتظامیہ نے مملکت سمیت جی سی سی ممالک کے سکولوں میں دوسرے سمسٹر کے امتحانات کے بعد ہونے والی تعطیلات کے حوالے سے مطاف میں امن و امان کے انتظامات اور انتظامی سہولیات میں اضافہ کردیا۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق سیکریٹری امن و سلامتی و ہنگامی امور محمد بن حسن باتی نے کہا کہ مسجد الحرام کے زائرین کی امن و سلامتی کے تحفظ اور انہیں خوش آمدید کہنے کے لیے پہلے سے سپیشل سکیم تیار کی گئی تھی۔ تمام زائرین کو خوش آمدید کہنے کے لیے جملہ تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
محمد باتی نے کہا کہ مسجد الحرام سیکیورٹی افسران اور انتظامیہ کے متعدد اداروں کے عہدیداران کے تعاون سے مطاف کو خواتین کے لیے مختص مصلوں تک خالی کرالیا گیا ہے اور مطاف میں مرد نمازیوں کی صفیں زیادہ منظم کردی گئی ہیں۔ یہ تمام انتظامات اس لیے کیے گئے ہیں تاکہ زیارت، عمرے، طواف اور عبادت کے لیے آنے والوں کو کسی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو۔