سعودی عرب گلوبل انٹرپرینیورشپ کانگریس کی میزبانی کرے گا
کانفرنس میں 180 ممالک شریک ہوں گے (فوٹو: ایس پی اے)
ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں ریاض میں گلوبل انٹرپرینیورشپ کانگریس (جی ای سی) منعقد کی جائے گی۔
سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز جنرل اتھارٹی (منشات) نے گلوبل انٹرپرینیورشپ نیٹ ورک کے تعاون سے 27 تا 30 مارچ 2022 کو اس کا اہتمام کیا ہے جس میں 180 سے زیادہ ممالک حصہ لیں گے۔۔ کانفرنس کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر اور رٹز کارلٹن ہوٹل میں منعقد ہوگی۔
ایس پی اے کے مطابق جی ای سی نیٹ ورک نے کانفرنس کی میزبانی کے لیے ریاض کا انتخاب کیا ہے۔ اس کا باعث یہ ہے کہ مملکت کاروباری سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے سہولت کاری اور کاروبار کے آغاز کے لیے بہترین مواقع فراہم کرنے والے گراف میں پوری دنیا میں سرفہرست آگیا ہے۔
ایپل کے شریک بانی سٹیو ووزنیاک اور نیٹ فلکس کے شریک بانی مارک رینڈولف سمیت 150 سے زیادہ لوگ تقریب سے خطاب کریں گے۔
گلوبل انٹرپرینیورشپ کانگریس میں ایک ساتھ نمائش، ورکشاپس بھی شامل ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق گلوبل انٹرپرینیورشپ مانیٹر کے مطابق مملکت کئی کیٹیگریز میں 45 ممالک میں پہلے نمبر پر ہے۔ ان میں کاروبار شروع کرنے کے اچھے مواقع، کاروبار شروع کرنے میں آسانی، کورونا کی عالمی وبا کے لیے کاروباری اور حکومتی ردعمل شامل ہے۔
’ریبوٹ، ریتھنک اور ریجنریٹ‘ کے عنوان سے جی ای سی کوورنا کی وبا شروع ہونے کے بعد سے سرمایہ کاروں،پالیسی سازوں اور کمیونٹی لیڈروں کے پہلے براہ راست عالمی اجتماعات میں سے ایک ہو گا۔
شرکا عالمی کاروباری ماحول کو درپیش معاشی چیلنجوں پر تبادلہ خیال کریں گے، تجربات کا تبادلہ کریں گے، سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں گے اور کورونا کی وبا کے چیلنجوں سے سیکھے جانے والے اسباق کو اخذ کریں گے۔
یہ پالیسی سازوں کو کورونا کی وبا کے بعد کی دنیا میں کاروبار کرنے کے چیلنجوں کو سمجھنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔ اس تقریب کا مقصد ایک پائیدار اور متحد عالمی کاروباری ماحول قائم کرنا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں