ولی عہد محمد بن سلمان سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب آج کریں گے
ریاض- - - -ولی عہد نائب وزیر اعظم و وزیردفاع و سربراہ پبلک انوسٹمنٹ فنڈ شہزادہ محمد بن سلمان آج بدھ کو فیوچر انوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کریں گے اور اس اہم معاہدے کا اعلان کریں گے جس کا وعدہ انہوں نے ماہ رواں کے شروع میں امریکی خبررساں ادارے بلومبرگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا تھا۔ اس موقع پر عرب دنیا میں "ویژن" کے قافلہ سالار جمع ہو ں گے۔ ان میں بحرین کے ولی عہد شیخ سلمان آل خلیفہ جیسی شخصیات شریک ہوں گی۔ سعودی ولی عہد نے اپنے انٹرویو میں عندیہ دیا تھا کہ انتہائی اہم معاہدے کا اعلان کانفرنس کے موقع پر ہوگا۔ اس کا تعلق پٹرول سے نہیں ہو گا۔ معاہدے کا منصوبہ سعودی عرب میں نافذ کیا جائے گا۔