ویمن کرکٹ ورلڈکپ: پاکستان کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 6 رنز سے شکست
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا اور غلام فاطمہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ کے میچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم نے پاکستان کو چھ رنز سے شکست دے دی ہے۔
پہلے کھیلتے ہوئے جنوبی افریقہ نے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کو جیت کے لیے 223 رنز کا ہدف دیا تھا۔
جنوبی افریقی بلے باز لورا ووارتھ نے سب سے زیادہ 75 رنز بنائے جبکہ کپتان سونے لوس 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔
پاکستان کی جانب سے فاطمہ ثنا اور غلام فاطمہ نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے اچھا مگر سست رفتار آغاز کیا۔
پاکستان کی جانب سے عمیمہ سہیل نے 65 بنا کر کیچ آؤٹ جبکہ ندا ڈار 55 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئیں۔
پاکستانی بیٹرز ناہیدہ خان نے 40، سدرہ نواز نے 11، فاطمہ ثنا نے نو جبکہ سدرہ امین نے 12 رنز بنائے۔
آخری اوور میں پاکستان کو جیت کے لیے دس رنز درکار تھے جبکہ دو وکٹیں باقی تھیں لیکن پوری ٹیم ایک گیند قبل آؤٹ ہو گئی جب جیت کے لیے سات رنز درکار تھے۔