ویمن ورلڈ کپ: آسٹریلیا نے پاکستان کو سات وکٹ سے ہرا دیا
کپتان بسمہ معروف نے 78 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ویمن ورلڈکپ کے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے ہرا دیا ہے.
منگل کو نیوزی لینڈ کے شہر ٹاورنگا میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 35 ویں اوور 191 کا ہدف آسانی سے حاصل کر لیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے بیتھ مونی نے 23 اور الیپسے پیری نے 26 رنز بنائے۔ پاکستان بولر عمیمہ سہیل نے دو وکٹیں حاصل کیں
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف چھ وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے تھے۔
قبل ازیں آسٹریلوی ٹیم نے ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی، تاہم بیٹنگ کے آغاز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور تیسرے ہی اوور میں دونوں اوپنرز کو پویلین لوٹنا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے بسمہ معروف 78 کے ساتھ نمایاں سکورر رہیں۔
پاکستانی اوپنرز سدرہ امین صرف دو رنز بنا پائیں جبکہ ناہیدہ خان بھی نو رنز پر آؤٹ ہو گئیں۔
ان کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والی پاکستانی ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے 122 گیندوں پر 78 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہیں۔
پاکستانی ٹیم پر ایسا وقت بھی آیا جب 44 کے مجموعی سکور پر چار خواتین کھلاڑی آؤٹ ہو چکی تھی تاہم بسمہ معروف اور عالیہ ریاض نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں سکور 99 تک پہنچایا، تاہم سکور بڑھنے کی رفتار خاصی سست رہی۔
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم تین مارچ کو چارٹرڈ فلائٹ کے ذریعے کرائسٹ چرچ سے ٹاورنگا پہنچی تھی۔
ٹیم کا اگلا میچ گیارہ مارچ کو جنوبی افریقہ کے خلاف ہو گا۔