کلیئرپولوسک نمیبیا میں ہونے والےمردوں کے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کی امپائرنگ کر کے تاریخ رقعم کرنے جارہی ہیں۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی اکتیس سالہ کلیئر پولوسک ہفتےکو ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو کے نمیبیااور اومان کے درمیان کھیلے جانے والے ایک روزہ فائنل میچ میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیں گی۔
نمبیبا کے دارالحکومت ونڈہوک میں بین الاقوامی سطح پر کھیلے جانے والے کرکٹ میچ کی امپائرنگ کر نے والی کلیئر پولوسک دنیا کی پہلی خاتون ہوں گی۔
کلیئر پولوسک نے اس سے پہلے بھی مردوں کے کرکٹ میچ میں امپائرنگ کے فرائض سر انجام دیے ہیں۔لیکن بین الاقوامی سطح پر مردوں کے کرکٹ میچ کی نگرانی وہ پہلی دفعہ کرنے جا رہی ہیں۔
آسٹریلیا میں 2017 میں ملکی سطح پر کھیلے جانے والے کرکٹ میچ میں امپائرنگ کرنے والی پہلی خاتون کا اعزاز بھی کلیئر پولوسک کو ہی حاصل ہوا تھا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کاؤنسل سے بات کرتے ہوئے کلیئر پولوسک نے پہلی خاتون امپائر ہونے پر بے حد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین امپائرز کو مواقع فراہم کرنا بے حد ضروری ہے اور خواتین کے بطور امپائر فرائض سرانجام نہ دینے کی کوئی وجہ نہیں بنتی۔
کلیئر پولوسک اب تک خواتین کے کل پندرہ ایک روزہ کھیلوں میں بطور نگران فرائض ادا کر چکی ہیں، جن میں آئی سی سی ٹی ٹوینٹی ویمن ورلڈ کپ 2018 اور آئی سی سی ویمن ورلڈ کپ 2017 شامل ہیں۔
آئی سی سی کے سینئر مینیجر آڈرین گرفتھ نے کلیئر پولوسک کو ان کی شاندار کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کلیئر پولوسک خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں اور وہ اپنی محنت کے نتیجے میں اس مقام پر پہنچی ہیں۔