Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسمبلی اجلاس کا فیصلہ وزیراعظم کریں گے، ’27 مارچ کو ڈی چوک میں جلسہ ہوگا‘

تحریک انصاف کی کور کمیٹی نے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا اختیار وزیراعظم کو دے دیا ہے جبکہ تحریک انصاف نے 27 مارچ کو ڈی چوک میں جلسے کا اعلان بھی کر دیا ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اجلاس میں عدم اعتماد کی تحریک پر مشاورت کی گئی اور وزیراعظم کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کب قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کرتے ہیں۔‘ 
دوسری جانب فیصل جاوید خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’عدم اعتماد کی تحریک پر ووٹنگ 27 مارچ کو ڈی چوک میں ہونے والے جلسے کے بعد کی جائے گی۔‘
وزیراعظم عمران خان نے ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کے لیے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس پیر کو طلب کیا تھا۔
وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان نے کور کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی جس میں وفاقی وزرا، سندھ اور خیبر پختونخوا کے گورنرز نے شرکت کی جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور خیبر پختونخوا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں حکومتی اتحادی جماعت عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد بھی شریک ہوئے۔ 
ڈاکٹر بابر اعوان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں سے متعلق بھی بریفینگ دی۔  
اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ ’کور کمیٹی نے وزیراعظم کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا اختیار دیا ہے، یہ ان کا اختیار ہے کہ وہ کب اعتماد کے ووٹ کے لیے اجلاس بلائیں۔‘  
انہوں نے کہا کہ ‘وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں سے متعلق بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ تمام اتحادی ہمارے ساتھ ہیں۔‘  

اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد سپیکر قومی اسمبلی کو جمع کروا دی تھی۔ فوٹو اے ایف پی

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے مطابق ’وزیراعظم نے ڈی چوک میں عوامی جلسہ کی تیاریوں کی بھی ہدایت دے دی ہے اور تمام ارکان کو ڈی چوک میں دس لاکھ لوگوں کا عوامی اجتماع اکٹھا کرنے کی ہدایت دی ہے۔‘  
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ’عدم اعتماد کی تحریک لانے کے بعد اپوزیشن نے سوئے ہوئے شیر کو جگا دیا ہے اور تحریک انصاف کے کارکن وزیراعظم کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کور کمیٹی اجلاس میں زیادہ تر ارکان کی خواہش تھی کہ اجلاس جلد بلایا جائے، اجلاس کا فیصلہ سپیکر نے کرنا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ او آئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی تاریخ کو دیکھتے ہوئے اس کا فیصلہ کریں۔‘
وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ‘ہمیں امید ہے کہ جس طرح ہماری اتحادی جماعتیں جس طرح ہمارے ساتھ تین سال سے کھڑی ہیں اسی طرح کھڑی رہیں گے اور اپنے کارکنان کو اعتماد میں لینے کا مرحلہ ہے اور اس مرحلے سے گزر رہے ہیں۔‘
تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی عامر کیانی کا کہنا تھا کہ ’جس دن عدم اعتماد کا ووٹ ہوگا، (اراکین) تحریک انصاف کے جلسے سے گزر کر جائیں گے اور ووٹ دینے کے بعد اسی جلسے سے گزر کر واپس جائیں گے۔‘  

شیئر: