تجارتی پردہ پوشی، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں تفتیشی کارروائیاں
ریاض ریجن کے مختلف مقامات پر سب سے زیادہ 126 چھاپے مارے گئے ہیں(فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی زکوٰۃ، ٹیکس اور کسٹم اتھارٹی کے ماتحت انسپکٹرز نے گزشتہ ہفتے مملکت بھر میں مارکیٹوں اور تجارتی مراکز پر 1300 سے زیادہ تفتیشی کارروائیاں کی ہیں۔
اتھارٹی کے انسپکٹرز 20 سے زیادہ سرکاری اداروں کی شراکت سے تجارتی پردہ پوشی کے انسداد کی مہم چلا رہے ہیں۔ مملکت بھر میں تفتیشی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ’ سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کی مختلف کاروباری سرگرمیاں ہمارا ہدف ہیں۔ گاڑیوں کے سپیئر پارٹس فروخت کرنے والی دکانوں، کھانے پینے کی اشیا، پٹرول، گیس اور صحت اداروں پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے‘۔
’مملکت کے بیشترعلاقوں میں تفتیشی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ گزشتہ ہفتے ریاض، الشرقیہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، قصیم، جازان، تبوک، عسیر، حائل ، حدود شمالیہ اور باحہ ریجنوں میں کارروائیاں کی گئی ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ریاض ریجن کے مختلف مقامات پر سب سے زیادہ 126 چھاپے مارے گئے ہیں۔‘
اتھارٹی نے بتایا کہ ’تفتیشی کارروائیوں کے نتیجے میں تجارتی پردہ پوشی کے متعدد مشکوک کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں۔ 88 کیسز ایسے ہیں جن پر کام کیا جا رہا ہے‘۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ’سرکاری اداروں کے تعاون و اشتراک سے ہر طرح کی تجارتی پردہ پوشی کے انسداد کےلیے کی جا رہی ہے۔‘
اتھارٹی نے لوگوں سے اپیل کی کہ ’اگر انہیں تجارتی پردہ پوشی کا علم ہو تو اس کی رپورٹ ضرور کریں۔‘