Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سبی میں بم حملہ، فرنٹیئر کور کے چار اہلکار جان سے گئے، آٹھ زخمی

سبی میں ایک ہفتے کے دوران سکیورٹی فورسز پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
بلوچستان کے ضلع سبی میں ہونے والے ایک بم حملے میں فرنٹیئر کور کے چار اہلکار ہلاک اور آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ 
لیویز حکام کے مطابق حملہ منگل کو سبی سے تقریباً 60 کلومیٹر دور پہاڑی علاقے سانگان میں ہوا جہاں فرنٹیئر کور بلوچستان  150 ونگ کے اہلکار گاڑی میں ایک زیر تعمیر چیک پوسٹ کی طرف جا رہے تھے۔
لیویز رسالدار محمد افضل نے اردو نیوز کو بتایا کہ کچے راستے میں نامعلوم افراد کی جانب سے چھپائے گئے آئی ای ڈی کے دھماکے میں گاڑی نشانہ بن گئی۔ 
زخمیوں میں چھ اہلکاروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ 
کوہلو اور سبی کے درمیان واقع اس پہاڑی علاقے میں اس سے پہلے بھی سکیورٹی فورسز پر کئی جان لیوا حملے ہو چکے ہیں جن کی ذمہ داری کالعدم بلوچ مسلح تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔
سبی میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سکیورٹی فورسز پر یہ دوسرا حملہ ہے۔
آٹھ مارچ کو سبی میں میلے کے اختتام پر خودکش حملے میں چھ ایف سی اہلکاروں سمیت سات سکیورٹی اہلکار ہلاک اور بیس سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی۔   

شیئر: