اقوام متحدہ۔۔۔۔اقوام متحدہ میں امریکہ کے مندوب نے کہا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانا امریکہ کی اولین ترجیح ہے اسی طرح شام کے سیاسی تنازع کا حل نکل سکتا ہے۔ امریکی سفیر نکی ہیلی نے یہ بات شام پر امریکی کروز میزائل حملے کے ایک دن بعد انٹرویو میں کہی۔انہوں نے کہا کہ سیاسی حل کے بغیر معاملہ طے نہیں ہوگا۔اب جب تک بشارالاسد برسراقتدار ہیں مسئلے کا کوئی سیاسی حل ممکن نہیں۔اس سے پہلے امریکہ یہ کہتا رہا تھا کہ بشار کو ہٹانے سے زیادہ وہاں سے داعش کا خاتمہ اس کی سب سے بڑی ترجیح ہے ۔نکی ہیلی نے 30مارچ کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا ہماری ترجیح یہ نہیں کہ ہم بشارالاسد کو ہٹانے پر توجہ دیں۔ اسد کو ہٹائے بغیر شام میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ہمیں وہاں ایران کا بھی اثر و رسوخ ختم کرنا ہوگا اور پھر سیاسی حل نکالنا ہوگا۔شام کا مسئلہ بڑا گمبھیرہے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ضرورت ہوئی تو شام پر مزید حملے کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ شام میں حکومت کی تبدیلی ضروری ہوچکی ہے اور تمام جماعتیں چاہتی ہیں کہ اسد برسراقتدار نہ رہیں۔