پارلیمنٹ حملہ کیس:انسداد دہشت گردی عدالت نے صدر و وزرا کو بری کر دیا
2014 میں پی ٹی آئی نے دھرنے کے دوران پارلیمان پر حملہ کیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسلام آباد انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 2014 پارلیمنٹ حملہ کیس میں صدر عارف علوی سمیت تحریک انصاف کے وفاقی و صوبائی وزرا کو بری کر دیا ہے۔
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے منگل کو مقدمے کی سماعت کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر اسد عمر، وزیر دفاع پرویز خٹک، عبدالعلیم خان، جہانگیر خان ترین، صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی اور اعجاز چودھری سمیت دیگر ملزمان کو مقدمہ سے بری کر دیا ہے۔
خیال رہے کہ 29 اکتوبر 2020 کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نے وزیراعظم عمران خان کو کیس میں پہلے ہی بری کر دیا تھا۔
سنہ 2014 میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک نے اسلام آباد میں حکومت مخالف دھرنا دیا تھا جس کے کئی دن بعد دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے قیادت کی ہدایت پر وزیراعظم ہاؤس کی جانب مارچ شروع کیا تھا۔
مارچ کے دوران پولیس سے جھڑپوں میں کارکنوں نے پارلینمٹ ہاؤس اور سرکاری ٹی وی چینل پی ٹی وی کی عمارت پر دھاوا بول دیا تھا۔
پی ٹی وی کی عمارت میں کارکنوں کے داخل ہونے اور توڑ پھوڑ کرنے کے نتیجے میں سرکاری ٹی وی چینل کی نشریات بھی بند ہو گئی تھیں۔ اس واقعے پر سرکار کی مدعیت میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری سمیت دیگر رہنماٰؤں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
26 نومبر 2020 کو وزیراعظم عمران خان نے عدالت میں بریت کی درخواست دائر کی تھی۔