سعودی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں ایک کمپنی خود کو قانون کے دائرے میں لے آئی ہے۔
اخبار24 کے مطابق وزارت تجارت نے بیان میں کہا کہ ’سعودی حکومت نے مملکت بھر میں تجارتی پردہ پوشی میں ملوث سعودیوں اور مقیم غیرملکیوں کو اصلاح حال کی مہلت دی تھی۔ انہیں قانونی دائرے میں آنے کے لیے متعدد آپشنز دیے گئے تھے‘۔
سعودی قانون کے بموجب کوئی بھی غیرملکی اس بات کا مجاز نہیں کہ وہ سعودی کے نام سے کاروبار کرے اور کسی بھی سعودی کو اس بات کی اجازت نہیں کہ وہ اپنے نام سے کسی غیرملکی کو کاروبار کرائے۔ یہ عمل تجارتی پردہ پوشی کہلاتا ہے جو قانونی طور پر جرم ہے۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ آسائشی اشیا کے کاروبار کی ایک کمپنی نے مہلت کے دوران اصلاح حال کی درخواست دی تھی۔ اس پر کارروائی اب مکمل ہوچکی ہے۔
وزارت تجارت نے بتایا کہ کمپنی آسائشی اشیا کے کاروبارمیں 35 برس سے کام کر رہی تھی۔ سالانہ آمدنی سو ملین ریال سے زیادہ کی تھی۔