Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مولانا فضل الرحمان مولا جٹ کا کردار ادا کرنے چلے ہیں: شیخ رشید

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی سرگرمیوں سے عمران خان کی مقبولیت بڑھی ہے (فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ’تحریک عدم اعتماد میں عمران خان ہاریں یا جیتیں، فائدہ انہی کو ہو گا۔‘
بدھ کو راولپنڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ’ان کی سوئی تین مہینے سے ایک ہی بات پر پھنسی ہوئی ہے۔‘
شیخ رشید نے اپوزیشن کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ’ان کی لیڈرشپ آئے، بات کرے، ان کو محفوظ راستوں سے لے کر جائیں گے۔‘
انہوں نے اپوزیشن کو خبردار بھی کیا کہ ’اگر قانون کو چھیڑا گیا تو کسی کو نہیں چھوڑا جائے گا، چاہے نتیجہ کچھ بھی نکلے۔‘
انہوں نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’کہیں عدم اعتماد کی تحریک ملکی اور جمہوری عدم استحکام کا باعث نہ بن جائے۔‘
انہوں نے اپوزیشن کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ’اگر ایسا ہوا تو اس کی سزا ملے گی۔‘
’آپ چوکوں میں اذانیں دیں گے، کوئی آپ کی نہیں سنے گا۔‘
ان کے بیان ’دس سال کا انتظار‘ کا حوالہ دیتے ہوئے جب صحافی نے پوچھا کہ ان کا اشارہ کس طرف ہے تو شیخ رشید نے واضح جواب دینے کے بجائے فقط اتنا کہا کہ ’وہ بے وقوفوں کے لیڈر نہیں۔‘
انہوں نے مولانا فضل الرحمان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ مولا جٹ کا کردار ادا کرنے چلے ہیں۔ ’یہ سب بھاگ جائیں گے اور آپ دھر لیے جائیں گے۔‘
’وہ جس قسم کی زبان استعمال کر رہے ہیں اگر خانہ جنگی ہوئی یا انتشار پھیلا تو ان کو اس کی قیمت ادا کرنا پڑے گی۔‘
انہوں نے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ’وہ ہاتھ آسمان لیکن پیر زمین رکھتی ہیں۔‘
شیخ رشید نے یہ پیشن گوئی بھی کی کہ 25 مارچ تک ملک کی سیاست کھل کر سامنے آ جائے گی اور اتحادیوں کا پتا چل جائے کہ وہ کدھر ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر دُہرایا کہ تحریک عدم اعتماد سے عمران خان کی مقبولیت بڑھی ہے۔
’پہلے لوگ مہنگائی پر بات کرتے تھے اب اس حوالے سے کوئی بھی نہیں پوچھتا۔‘
اتحادیوں کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ ان کا کسی سے کوئی رابطہ نہیں، پرویز خٹک بات کر رہے ہیں، تاہم ان سے یہی کہوں گا کہ حکومت کا ساتھ دیں۔
شیخ رشید کے مطابق ’25 تاریخ کے بعد عمران خان کی مقبولیت کا نیا دور شروع ہو گا۔‘

شیئر: