Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

او آئی سی اجلاس، ڈی چوک پر اپوزیشن کے لانگ مارچ کا شیڈول تبدیل

پی ڈی ایم کے سربراہ کے مطابق ’ملک بھر سے آنے والے قافلے اب 25 مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہوں گے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کی وجہ سے اپوزیشن جماعتوں نے ڈی چوک پر اپنے جلسے کا شیڈول تبدیل کردیا ہے۔
منگل کو اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’او آئی سی کے وزرائے خارجہ ہمارے مہمان ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ انہیں کوئی تکلیف نہ ہو۔‘
23 مارچ کو قافلے اسلام آباد میں داخل ہونے سے گریز کریں، اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ 24 مارچ تک اسلام آباد میں موجود رہیں گے۔ مہمانوں کے آنے جانے میں مشکلات نہیں ہونی چاہییں۔‘
پی ڈی ایم کے سربراہ کے مطابق ’ملک بھر سے آنے والے قافلے اب 25 مارچ کو اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔‘
’23 مارچ کو دور دراز کے علاقوں سے جو قافلے روانہ ہوں گے تو قریبی اضلاع کے قافلے ان کے ساتھ شامل ہوتے جائیں گے اور یہ قافلے 25 مارچ کو اسلام آباد میں مغرب کے بعد داخل ہوں گے۔
’ہم چند دن اسلام آباد میں رہیں گے، واپس نہیں جائیں گے۔‘
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’بدھ تک صورت حال واضح ہوجائے گی، اتحادی حکومت کا ساتھ چھوڑ جائیں گے۔‘
ایک سوال پر پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس نہیں لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘

 مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس نہیں لینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘ (فائل فوٹو: قومی اسمبلی ٹوئٹر)

یاد رہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  نے اس سے قبل منگل کو ہی ہدایت کی تھی کہ ’اسلام آباد میں ہونے والے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس اور یوم پاکستان پریڈ کے پرامن انعقاد کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔‘
اس سے پہلے پی ڈی ایم کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ 23 مارچ کو پورے ملک سے قافلے چل پڑیں گے اور 24 مارچ کو اسلام آباد پہنچیں گے۔

شیئر: