Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ میں بابر اعظم نے کتنے ریکارڈز اپنے نام کیے؟

بابر اعظم محض چار رنز کی کمی سے اپنی ڈبل سینچری مکمل نہ کر سکے (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا کے خلاف کراچی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں پاکستان کپتان بابراعظم ڈبل سنچری تو نہ بنا سکے لیکن وہ اور گرین شرٹس کئی منفرد ریکارڈ اپنے نام کر گئے۔
بابراعظم 196 رنز کی انفرادی اننگز کے ساتھ ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پہلے کپتان بنے تو مجموعی طور پر ساتویں نمبر پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ٹھہرے۔
پاکستانی کپتان کی بیٹنگ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی جانب سے چوتھی اننگز میں کھیلی جانے والی سب سے زیادہ گیندیں اور سب سے زیادہ سکور بھی رہا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بیٹرز کی رینکنگ میں بابراعظم 743 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں پوزیشن پر موجود ہیں جب کہ انڈین کپتان وراٹ کوہلی نویں نمبر پر ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستانی ٹیم نے کسی ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں 148 اوورز سے زائد کھیلے ہیں۔ اس سے قبل گرین شرٹس نے چوتھی اننگز میں سب سے زیادہ 145 اوورز 2016 میں کھیلے تھے جب برسبین کے میدان میں مدمقابل آسٹریلین ٹیم ہی تھی۔
بابراعظم اپنے ہوم گراؤنڈ پر چوتھی اننگز میں بطور کپتان سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بنے ہیں۔

بابراعظم اپنے ہوم گراؤنڈ پر چوتھی اننگز میں بطور کپتان سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بنے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستانی کپتان پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں جنہوں نے بطور کپتان انٹرنیشنل کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں سنچری اننگز کھیلی ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی اننگز میں 196 رنز کے ساتھ بابراعظم نے انگلش کپتان مائیک ایتھرٹن  کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔ اس سے قبل کسی کپتان کی جانب سے ٹیسٹ میچ کی چوتھی اننگز میں سب سے بڑی انفرادی اننگز 185 رنز کی تھی جو مائیک ایتھرٹن نے 1995 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی تھی۔
عبداللہ شفیق اور بابراعظم نے چوتھی اننگز میں پاٹنرشپ کا نیا ریکارڈ بھی بنایا۔ دونوں نے 500 سے زائد گیندوں کا سامنا کیا جو کسی بھی جوڑی کی جانب سے ٹیسٹ کی چوتھی اننگز میں سب سے بڑی شراکت ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز انڈین بیٹسمینوں کے نام تھا جنہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف 2001 میں یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔

شیئر: