Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی ٹیسٹ دلچسپ مقابلے کے بعد ڈرا، بابر اور رضوان نے میچ بچا لیا

کپتان بابر اعظم نے میچ کے چوتھے روز اپنی سینچری مکمل کی۔ فوٹو: اے ایف پی
آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کراچی میں کھیلا گیا دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا ہے۔
506 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 443 رنز بنائے۔ 
کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے سینچریاں بنائیں۔
بابر اعظم نے 20 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 196 رنز بنائے، جبکہ محمد رضوان نے 104 رنز سکو کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔
بابر اعظم اور عبداللہ شفیق نے پانچویں روز کھیل کا آغاز کیا۔ عبداللہ شفیق نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے اور 305 گیندوں پر 96 رنز بنا کر  پویلین لوٹے۔ وہ پیٹ کمنز کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
بدھ کو آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی فواد عالم رہے جو نو رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد بابر کا ساتھ دینے محمد رضوان آئے اور دونوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے سکور آگے بڑھنے کا سلسلہ جاری رکھا۔
بابراعظم نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے کئی ریکارڈز بنائے، لیکن وہ اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری صرف 4 رنز کے فرق سے مکمل نہیں بناسکے اور 196 رنزکی بہترین اننگز کھیل کر نیتھن لائن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
ان کے بعد فہیم اشرف ابھی کریز پر اپنے قدم جما نہ پائے تھے کہ وہ بھی نیتھن لائن کا شکار بنے۔

دوسری اننگز میں پیٹ کمنز نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا (فوٹو: اے ایف پی)

آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 97 رنز دو کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کر دی تھی جس کے بعد پاکستان کو آخری اننگز میں میچ جیتنے کے لیے 506 رنز کا ہدف ملا۔
خیال رہے کہ پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 148 رنز بنا سکی تھی جبکہ آسٹریلوی ٹیم نے پہلی اننگز میں عثمان خواجہ کے 160 رنز کے بدولت 556 رنز بنائے تھے۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تین میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ راولپنڈی میں ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔ 
ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 21 مارچ سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔ 
ٹیسٹ سیریز کے بعد تین ون ڈے میچز کی سیریز اور ایک ٹی 20 راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: