ریاض کے ڈرائی پورٹ میں آج سے کام شروع
جمعرات 17 مارچ 2022 20:33
ریاض ڈرائی پورٹ کا کام ریکارڈ وقت میں مکمل کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
بندرگاہوں کی سعودی عالمی کمپنی ’ایس جی پی‘ نے آج جمعرات 17 مارچ 2022 سے ریاض ڈرائی پورٹ میں کام شروع کردیا۔ ریاض ڈرائی پورٹ نے ایس جی پی کے سائبان تلے کام شروع کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ’ ایس جی پی‘ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ دونوں کمپنیوں نے ریاض ڈرائی پورٹ کا کام حوالے کرنے اور وصول کرنے کی کارروائی ریکارڈ وقت میں انجام دی۔
فریقین نے سعودی ریلوے کمپنی (سار) اور سعودی پورٹس عالمی کمپنی (ایس جی پی) کے درمیان ریاض ڈرائی پورٹ کو ’بی او ٹی‘ سسٹم کے تحت تیار کرنے، چلانے کا معاہدہ 7 دسمبر 2021 کو کیا تھا۔
بی او ٹی سسٹم کے تحت سرکاری بجٹ لگائے بغیر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی فنڈنگ کی جاتی ہے۔
اس کے تحت پروجیکٹ کی تیاری، اس کا آپریشن اور آخر میں اسے سرکاری ادارے کے حوالے کردیا جاتا ہے۔ ایک خاص مدت تک پرائیویٹ سیکٹر کا ادارہ اس سے فائدہ اٹھاتا ہے۔
ایس جی پی نے کہا ہے کہ ریاض ڈرائی پورٹ حوالے کرنے کا عمل افرادی قوت کے تحفظ، اثاثوں کی منتقلی اور پورٹ سے دلچسپی رکھنے والوں کی شراکت کے ساتھ عمل میں آیا ہے۔
ایس جی پی نے کہا ہے کہ ریاض ڈرائی پورٹ لاجسٹک خدمات پہلے کے مقابلے میں زیادہ بہتر انجام دے گا اور سہولتوں کا دائرہ وسیع ہوگیا ہے۔ اسے مزید بہتر بنانے کے لیے 250 ملین ریال سے زیادہ کا بجٹ لگایا جائے گا۔