Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی وزیراعظم انڈیا کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے

نریندر مودی کی دعوت پر اسرائیلی وزیراعظم انڈیا کا دورہ کریں گے۔ فوٹو اے ایف پی
انڈیا اور اسرائیل کے درمیان 30 سالہ سفارتی تعلقات مکمل ہونے کے موقع پر اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیٹ اپریل میں انڈیا کا دورہ کریں گے۔
اسرائیلی اخبار ’ہاریٹز‘ کے مطابق اکتوبر میں اقوام متحدہ ماحولیاتی کانفرنس کے دوران اسرائیلی وزیراعظم سے پہلی ملاقات میں وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں انڈیا کے سرکاری دورے کی دعوت دی تھی۔
وزیراعظم نفتالی بینیٹ کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اتحاد کو مضبوط کرنا، گہرے دو طرفہ تعلقات استوار کرنا اور معاشی، تجارتی  و ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون پر بات چیت کرنا ہے۔
دورے کے دوران وزیراعظم نفتالی بینیٹ کی انڈین اعلیٰ عہدیداروں اور مقامی یہودی کمیونٹی کے نمائندوں سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
نفتالی بینیٹ نے وزیراعظم نریندر مودی کی انڈیا اور اسرائیل کے درمیان تعلقات دوبارہ بحال کرنے کی خواہش کو سراہا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ ’انڈین اور یہودی دو منفرد ثقافتوں کے درمیان گہرے تعلقات قائم ہیں، جو احترام اور  معنی خیز اشتراک پر منحصر ہیں۔‘

شیئر: