Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیلی وزیراعظم بحرین کا پہلا سرکاری دورہ کریں گے

گزشتہ سال اسرائیلی وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا۔ فوٹو اے ایف پی
اسرائیل کے وزیراعظم نیفتالی بینیٹ پیر کو بحرین کا دورہ کریں گے جو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات استوار ہونے کے بعد سے پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وزیراعظم نیفتالی بینیٹ بحرین کے ولی عہد اور وزیراعظم سلمان بن حماد الخلیفہ سے ملاقات کریں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں دونوں رہنما باہمی تعلقات کی مضبوطی بالخصوص سفارتی اور معاشی معاملات کے مزید فروغ کے لیے ضروری اقدامات سے متعلق بات چیت کریں گے، جبکہ ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نیفتالی بینیٹ بحرین میں مقیم اسرائیلی کمیونٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیلی وزیر دفاع بینی گانٹز نے بحرین کا دورہ کیا تھا۔ اس دوران دونوں ممالک نے دفاعی معاہدے پر دستخط بھی کیے۔
معاہدے میں انٹیلی جنس، پروکیورمنٹ اور مشترکہ ٹریننگ پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزیر دفاع بینی گانٹز کا کہنا تھا کہ معاہدے سے سفارتی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

شیئر: