ریاض میں نئے پی آئی اے دفتر کا افتتاح، عمرہ زائرین کے لیے کرایوں میں کمی
پیر 21 مارچ 2022 14:34
ذکاء اللہ محسن -ریاض
سعودی عرب میں پی آئی اے کے نئے آفس کے افتتاح کے موقع پر ائیر لائن کے سی ای او ائیر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک نے کہا ہے کہ عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے کرایوں میں کمی کی گئی ہے تاکہ ماہ رمضان میں زیادہ سے زیادہ افراد عمرہ کی سعادت حاصل کر سکیں۔
اتوار کو سعودی دارالحکومت ریاض میں پی آئی اے کے نئے آفس کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں کیمونٹی ارکان کے علاوہ اہم سعودی شخصیات بھی شریک تھیں۔
اس موقع پر ائیر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں جن کی سہولت کے لیے جدہ، مدینہ منورہ اور ریاض سمیت چھ ائیر پورٹس پر پی آئی اے اپنی پروازیں جاری رکھے ہوئے ہے اور جلد ہی سعودی عرب کے شہر ابہا کے لیے بھی فلائٹس شروع کر دی جائیں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کووڈ 19 کے دوران پی آئی اے نے سعودی عرب کے لیے خصوصی فلائٹس کے ذریعے ہم وطنوں کو سفری سہولت فراہم کیں اور فلائٹس کے بحالی کے ساتھ ہی خصوصی فلائٹ اپریشن کے ذریعے ہزاروں پاکستانیوں کو سعودی عرب واپس پہنچایا جو کہ ہماری بڑی کامیابی ہے۔‘
پی آئی اے کے سی ای او کے مطابق ’اس سال ماہ رمضان سے قبل ہی عمرہ زائرین کے لیے کرایوں میں میں کمی کی گئی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی افراد عمرہ کی سعادت سے مستفید ہوسکیں۔‘
افتتاحی تقریب پر ارشد ملک نے ریاض کے مینجر سید فہیم رضا اور سیلز مینجر شیخ ارشد کے ہمراہ پاکستانی اور سعودی ٹریول ایجنٹس میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔